Jun ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • امریکی شہروں میں فلسطینی پرچم لہرائے گا

امریکہ کے دو شہروں کلیفٹن اور پیٹرسن کی میونسل پلٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اپنی عمارتوں پر فلسطین کا پرچم نصب کریں گے۔

فارس نیوز نے فلسطینی اتھارٹی کےحوالے سے خبر دی ہے کہ امریکی ریاست نیوجرسی کے کلیفٹن اور کلیفورنیا کے پیٹرسن شہروں کی میونسپلٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایک ہفتے تک اپنی اپنی عمارتوں پر فلسطین کا پرچم لہرائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کے مقصد سے ایک خصوصی تقریب کے دوران فلسطین کا پرچم میونسپلٹی کی عمارتوں پر نصب کیا جائے گا جس میں امریکہ میں مقیم فلسطینی، عرب اور اسلامی ممالک کے شہریوں کے علاوہ امریکہ کی متعدد سیاسی و سماجی شخصیتیں شرکت کریں گی۔

خیال رہے کہ امریکی حکومت فلسطین پر قابض صیہونی حکومت کے لئے اول درجے کی حامی سمجھی جاتی ہے تاہم امریکہ میں بعض سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور حریت پسندوں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت میں صدائے احتجاج بلند ہوتی رہتی ہے اور مذکورہ اقدام اسی تحریک کا ایک حصہ شمار کیا جاتا ہے۔

ٹیگس