Jul ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • دنیا ایک بار پھر کورونا کی لپیٹ میں

ایک بار پھر پوری دنیا بالخصوص مغربی دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ نے وحشتناک شکل اختیار کرلی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق اس وقت دنیا کا کوئی خطہ کورونا وبا سے محفوظ نہیں ہے اور پوری دنیا میں کورونا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد انیس کروڑ اٹھائیس لاکھ چوالیس ہزار چار سو ستاسی ہوچکی ہے جبکہ اکتالیس لاکھ بیالیس ہزار سات سو سینتیس افراد کورونا میں مبتلا ہوکے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

رپورٹوں کے مطابق اس وقت دنیا کے مختلف ملکوں میں ایک کروڑ تینتیس لاکھ چالیس ہزار ایک سو چونسٹھ کورونا کے مریض اسپتالوں، قرنطینہ کے مراکز یا اپنے گھروں میں زیر علاج ہیں ۔

کورونا سے متاثرین اور اموات کے اعتبار سے امریکا بدستور سر فہرست ہے جہاں اب تک چھے لاکھ پچیس ہزار آٹھ سو آٹھ افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرین کی تعداد تین کروڑ اکیاون لاکھ چھیالیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

دوسری طرف امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک میں کورونا ویکسینیشن کی سست رفتاری کو تشویشناک اور مایوس کن قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک میں ڈیلٹا کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ ملک کی ایک بڑی آبادی نے کورونا ویکسین نہیں لگوایا ہے۔

اس دوران برطانیہ اور فرانس میں بھی کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی کی خبر ہے۔برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چوالیس ہزار ایک سو چار نئے کورونا مریضوں اور اکہتر اموات کا اعلان کیا گیا ۔

برطانیہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ اٹھائیس ہزار نوسو کے قریب جبکہ کورونا سے متاثرین کی تعداد پچپن لاکھ ترسٹھ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

فرانس میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے اکیس ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اعلان کیا گیا ہے۔فرانس میں کورونا سے متاثرین کی تعداد انسٹھ لاکھ گیارہ ہزار چھے سو سے زائد اور اموات کی تعداد ایک لاکھ گیارہ ہزار پانچ سو پچاس سے تجاوز کرچکی ہے۔

ٹیگس