Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۲۳:۵۱ Asia/Tehran
  • روس کے لیے جاسوسی، جرمنی میں تعینات برطانوی سفارت کار گرفتار

جرمن پولیس نے روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں برطانوی سفارت خانے کے خفیہ اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔

نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ برطانوی سفارت خانے کے ستاون سالہ اہلکار ڈیو ایس کو خفیہ سرگرمیوں کے حوالے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

جرمن اٹارنی جنرل آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ برطانوی سفارت کار نے اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے دوران حاصل ہونےوالی کم سے کم ایک اہم دستاویز روسی خفیہ ایجنسی کے نمائندے کے حوالے  اور اس کے بدلے نامعلوم مقدار میں رقم بھی وصول کی ہے۔

یورپ اور روس کےتعلقات سن دوہزار چودہ سے کشیدہ چلے آرہے ہیں۔ روس کی مشرقی سرحدوں تک نیٹوکا پھیلاؤ، بحران یوکرین و بحیرہ بالٹک اور شام کی صورتحال ایسے معاملات ہیں جن پر روس اور یورپ کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

امریکہ اور یورپی یونین نے سن دوہزار چودہ کے بعد سے اب تک روس کے خلاف متعدد طرح کی اقتصادی اور مالیاتی پابندیاں عائد کی  جن کا ماسکو نے ترکی بر ترکی جواب دیا ہے۔

ٹیگس