اجتماعی سلامتی معاہدے کے رکن ممالک کا سربراہی اجلاس
اجتماعی سلامتی کے معاہدے کے رکن ملکوں کا سربراہی کا انلائن اجلاس تاجیکستان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تاجیکستان کے صدر امام علی رحمان اف کی صدارت میں تشکیل پانے والے اس انلائن اجلاس میں بیلاروس، روس، قزاقستان، قرقیزستان، آرمینیا اور ازبکستان کے اعلی حکام اور اس تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں افغانستان کی صورتحال اور اس ملک کے حالات سے علاقے کے ملکوں پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور افغانستان میں تمام مسائل و مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے پرامن مذاکرات کے ذریعے ایک وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی ضرورت پر تاکید کی گئی۔
اس اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ افغانستان میں تشکیل پانے والی حکومت کو افغان عوام کی آزادی رائے کی ضمانت کے پیش نظر مختلف سیاسی، سماجی اور دیگر شعبوں میں ان کے حقوق پر توجہ دینا ہو گی۔
اس اجلاس میں اسی طرح اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ آئندہ سولہ ستمبر کو تاجیکستان کی میزبانی میں تشکیل پانے والے اجلاس میں افغانستان کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں پھر سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔