Aug ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • امریکہ اور برطانیہ میں کورونا کے مریضوں میں پھر اضافہ

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد اکیس کروڑ پچپن لاکھ بہتر سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد چوالیس لاکھ نوے ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

اس درمیان کورونا سے متاثرین اور اموات میں امریکا بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ کورونا کی نئی لہر نے بھی امریکا میں زور پکڑ لیا ہے۔ 
امریکہ میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد صرف ایک دن میں ملک بھر میں کورونا کے تقریبا دولاکھ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جو رواں سال جنوری کے بعد سے کورونا میں مبتلاہونے کے بعد اسپتالوں میں داخل کرائے جانے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تین کروڑترانوے لاکھ بیالیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور مجموعی طور پر کورونا وائرس کا شکار ہوکر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد چھے لاکھ اکاون ہزار نو سو چھپن ہوگئی ہے اگرچہ امریکہ کے طبی عملے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں داخل کرائے جانے والے کورونا کے اکثر مریض ایسے ہیں جنھوں نے ویکسین نہیں لی ہے ۔

اسی کے ساتھ امریکا میں ماسک کے استعمال اور ویکسینیشن کے لازمی ہونے پر بحث کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

برطانیہ میں بھی کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں تیزی آگئی ہےلندن سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں برطانیہ میں صرف ایک مہینے کے اندر تقریبا نولاکھ افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد چھیاسٹھ لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق پلائی ماؤتھ یونیورسٹی ہاسپیٹل کے ڈائرکٹر نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث اس علاقے کے تمام اسپتالوں میں بیڈ کی کمی واضح طور پر نظرآرہی ہےبرطانیہ کے وبائی امراض کے ماہر پروفیسر ٹم اسپیکٹر نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ علمی اندازوں پر سامنے آنے والے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے جو حکومت اعلان کررہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ویکسین لینے کے باوجود اس وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جس میں نوجوان بھی شامل ہیںبرطانیہ میں منظرعام پر آنے والی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس ملک میں ایک ہفتے کے اندر کورونا میں مبتلا ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد میں تیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔

حکومت برطانیہ نے تقریبا چھے کروڑ نوے لاکھ کی آبادی والے اس ملک میں کورونا کا شکار ہوکر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ بتیس ہزاراعلان کی ہے لیکن برطانیہ کے ادارہ شماریات نے چند ہفتے قبل اعلان کیا تھا کہ ملک میں اب تک کورونا سے ہلاک ہونے والے ایک لاکھ ستاون ہزار افراد کے ڈیتھ سارٹیفکیٹ جاری کئے جا چکے ہیں۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

ٹیگس