Aug ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  •  کابل دہشتگردانہ حملوں پر سلامتی کونسل کا رد عمل

سلامتی کونسل نے ایک بیان میں کابل دہشتگردانہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیئے جانے پر تاکید کی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کر کے کابل ایئرپورٹ پر ہوئے دہشتگردانہ حملے کے ذمہ داروں کو انکے کیفر کردار تک پہنچانے پر زور دیا ہے۔

روسی خبررساں ایجنسی اسپوٹنک کے مطابق سلامتی کونسل نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں سبھی رکن ممالک سے یہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعرات کے روز کابل میں ہوئے دہشتگردانہ حملے کے ذمہ داروں کو جوابدہی پر مجبور کرنے کے لئے تعاون کریں۔

ساتھ ہی اس بیان میں سبھی ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن و صلح کو لاحق دہشتگردانہ خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ طالبان گروہ نے کابل ایئرپورٹ پر ہوئے دہشتگردانہ حملے کے سلسلے میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے تاہم طالبان نے بھی گرفتاریوں کے حوالے سے مزید تفصیلات کا ذکر نہیں کیا ہے۔ اس سے قبل قطر میں مقیم طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم وردک نے کابل کے دہشتگردانہ حملے کا ذمہ دار غیر ملکی افواج کو قرار دیا تھا۔

طالبان کے ایک اور ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی مذکورہ حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان گروہ پہلے ہی داعش کے ممکنہ حملوں کے سلسلے میں امریکیوں کو خبردار کر کے انہیں معلومات فراہم کر چکا تھا۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز کابل ایئرپورٹ پر داعش نے ایک دہشتگردانہ حملہ کیا جس میں کم از کم ایک سو ستر افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے۔

ٹیگس