پیرو میں موٹر بوٹ اور بحری جہاز میں ٹکر، دسیوں ہلاک و لاپتہ
پیرو میں موٹر بوٹ اور مسافر بحری جہاز کے ٹکرانے سے ستر افراد ہلاک اور لاپتہ ہوگئے ہیں۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیرو کی بحری حدود میں ایک مسافر بحری جہاز سے موٹر بوٹ کے ٹکرانے سے کم سے کم بیس افراد ہلاک اور پچاس سے زائد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر بوٹ مسافر بحری جہاز سے ٹکرا گئی۔ ایک زندہ بچ جانے والے مسافر نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹکرانے سے پہلے سنا تھا کہ ایک موٹر بوٹ جس کی لائٹیں آف ہیں، ان کے جہاز کے قریب آ رہی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ تصادم کے وقت شاید بہت سے مسافر سو رہے تھے۔ اس سانحے کی ایک وجہ شدید دھند بتائی گئی ہے۔ پیرو کی بحریہ لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔
چند روز پہلے بھی پیرو کے "لاس بامباس" کان کے کان کنوں کی حامل ایک بس بھی سانحہ کا شکار ہوگئی تھی اور اس میں کم سے کم پندرہ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔