Sep ۱۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ لا تعلق رہیں گے: فرانس

فرانس کے وزیر خارجہ نے طالبان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پیرس، افغانستان میں طالبان کی حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں رکھے گا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ژان ایو لے دریان نے اتوار کے روز قطر میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لئے روانہ ہونے سے قبل افغانستان سے انخلا کے بارے میں کہا ہے کہ طالبان نے کہا تھا کہ وہ افغانستان سے غیر ملکیوں اور ملک سے باہر جانے کے خواہاں افغان شہریوں کو بیرون ملک منتقل ہونے دیں گے اور ملک میں ایک وسیع البنیاد حکومت تشکیل دیں گے مگر انھوں نے سراسر جھوٹ بولا۔

انہوں نے کہا کہ فرانس، افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے اور اس حکومت کے ساتھ رابطہ برقرار کرنے سے گریز کرے گا۔ پیرس نے مذاکرات کر کے افغانستان سے تین ہزار افراد کو منتقل کیا ہے۔

لےدریا نے کہا کہ ابھی افغانستان میں کچھ فرانسیسی شہری اور ایسے افغان شہری موجود ہیں جو ملک سے باہر منتقل ہونا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل فرانسیسی صدر میکرون نے طالبان کے ساتھ پیرس کے مذاکرات کے بارے میں کہا تھا اس قسم کی گفتگو کا مقصد افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا نہیں ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ قطر میں طالبان کے دفتر کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان، تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی برقراری کے خواہاں ہیں۔

ٹیگس