شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں تعاون کی 30 دستاویزات پر دستخط
شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے سربراہوں نے باہمی تعاون کی تیس دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔
تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر علاقائی و عالمی سطح پر اس تنظیم کے کردار کو فروغ دینے کے لئے باہمی تعاون کی تیس دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔
اس اجلاس میں روس اور چین کے صدور نیز ہندوستان کے وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ تاہم تاجکستان، ایران، قزاقستان، ازبکستان، قرقیزستان، بیلاروس اور ترکمانستان کے صدور اور اسی طرح پاکستان کے وزیراعظم نے اپنی شرکت کے ساتھ اجلاس سے خطاب کیا۔
علاقائی امن و استحکام کا تحفظ، افغانستان کی سیاسی و سیکورٹی صورت حال کا جائزہ، انسداد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ہم آہنگی، انسداد کورونا سے متعلق مشترکہ اقدامات، شنگھائی تعاون تنظیم کے مبصر و نگراں ملکوں کے ساتھ مفاہمت کے عمل کو مضبوط و مستحکم بنانا، تنظیم میں ایران کی دائمی رکنیت اور اسی طرح مصر، قطر، اور سعودی عرب کو شریک گفتگو کا درجہ دینا شنگھائی تعاون تنظیم کے اس سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔