Sep ۲۴, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۲ Asia/Tehran
  • جزیرہ نمائے کوریا میں جنگ بندی ابھی نہیں: شمالی کوریا

شمالی کوریا نے جزیرہ نمائے کوریا میں جنگ بندی کے باقاعدہ اعلان کے لئے جنوبی کوریا کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوزایجنسی نے خبردی ہے کہ جزیرہ نمائے کوریا میں جنگ بندی کا اعلان قبل از وقت ہوگا۔ کیونکہ اس بات کی کوئی ضمانت موجود نہیں کہ یہ موضوع پیونگ یانگ کے سلسلے میں امریکہ کی دشمنانہ پالیسی کے ختم ہونے پر منتج ہو۔

شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ رای تائہ سونگ نے کہا کہ جب تک امریکہ کی دشمنانہ پالیسی تبدیل نہیں ہوگی اس وقت تک کچھ بھی نہیں بدلے گا۔ انھوں نے کہا کہ جزیرہ نمائے کوریا میں استحکام کی اصلی شرط امریکہ کے دوہرے رویّے کا خاتمہ اور دشمنانہ پالیسی ترک کرنا ہے۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائہ نے منگل کو جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں جزیرہ نمائے کوریا میں جنگ بندی کا باقاعدہ اعلان کئے جانے کی درخواست کا اعادہ کیا تھا اور تجویز پیش کی تھی کہ دونوں ممالک امریکہ یا امریکہ و چین دونوں کے ساتھ مل کر اس طرح کا اعلامیہ جاری کریں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی منگل کو جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں دعوی کیا تھا کہ امریکہ ایک پائیدار سفارتکاری کا خواہاں ہے تاکہ شمالی کوریا کے میزائل اور ایٹمی پروگرام سے متعلق بحران حل ہو سکے۔

شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان انیس سو پچاس سے انیس سو ترپن تک ہونے والی جنگ، قیام امن معاہدے کے بجائے جنگ بندی پر منتج ہو‏ئی جس کے باعث دونوں ممالک اب بھی حالت جنگ میں ہیں۔

ٹیگس