ہواوی کمپنی کے مالی امور کی انچارج کی رہائی
Sep ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
چین کی ہواوی کمپنی کے مالی امور کی انچارج منگ وانژو کو، جنھیں امریکی دباؤ کی بنا پر کینیڈا میں جیل میں قید کر دیا گیا تھا، رہا کر دیا گیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق وانژو کو دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں ایران کے خلاف غیر قانونی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے اور بدعنوانی کا الزام لگا کر امریکی حکام کی درخواست پر گرفتار کر کے کینیڈا کی جیل بھیج دیا گیا تھا۔
وانژو کو جمعے کے روز رہا کر دیا گیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق وانژو کو ایک سمجھوتے کے تحت رہا کیا گیا جنھیں براہ راست چین جانے کی اجازت دے دی گئی۔ البتہ اس اخبار نے اس سمجھوتے کی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا۔
واضح رہے کہ چین نے ہواوی کمپنی کے مالی امور کی انچارج وانژو کی اس گرفتاری کو سیاسی محرکات کا حامل قرار دیا تھا جس کے بعد چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بھی بڑھتی چلی گئی تھی۔