روس میں کورونا کی خراب صورت حال، ایک ہفتے کام کاج بند رکھنے کی سفارش کو پوتین کی منظوری
روسی صدر نے ملک میں کورونا کی وبا کو قابو کرنے کے لئے پورے ملک میں ایک ہفتے کام کاج بند رہنے کی سفارش کو منظوری دے دی۔
روس میں کوویڈ-19 کے بڑھتے کیس اور اس سے مرنے والوں کی بڑھتی تعداد کے مدنظر روسی صدر ولادیمیر پوتین نے حکومت کی طرف سے ایک ہفتہ ملک میں کام کاج بند رکھنے کی سفارش کو منظوری دے دی تاکہ اس وبا سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔ روس میں 30 اکتوبر سے 7 ستمبر تک کام کاج بند رہیں گے۔
روسی صدر نے سرکاری حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں کہا کہ تیس اکتوبر سے 7 نومبر تک کام کاج بند رہیں گے، لوگوں کو اس مدت کی تنخواہ دی جائے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ یہ سلسلہ وقت سے پہلے ہی شروع ہو جائے یا کچھ علاقوں میں حسب ضرورت اس کی میعاد بڑھائی بھی جا سکتی ہے۔
ولادیمیر پوتین نے کہا کہ عالمی وبا کورونا کا ہر علاقے میں الگ طریقے سے اثر ہوتا ہے اس لئے مختلف علاقوں کے حکام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ مزید اقدامات کریں۔
اس سے پہلے روس کے وزیر صحت میخائیل موراشکو نے کہا تھا کہ ملک کے چھے علاقوں میں کورونا کی حالت بہت خطرناک ہو گئی ہے۔
روس میں یہ صورتحال ایسے حالات میں پیدا ہوئی ہے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری ہے اور عالمی سطح پر بھی روسی ویکسین بڑے پیمانے پر برآمد کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز روس میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد ۳۳ ہزار سے تجاوز کر گئی جو پچھلے کئی مہینوں کو دیکھتے ہوئے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔