کورونا کی پہلی ویکسین بنانے والے روس میں پھر کورونا کا قہر، کئی شہروں میں لاک ڈاون
روس میں کورونا کی وبا دوبارہ پھیلنا شروع ہوگئی ہے جس کے باعث وہاں پابندیوں اور لاک ڈاون کا اعلان کردیا گیا ہے۔
روس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک بار پھر تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس دوران روس میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 1159 ہو گئی۔ ان باتوں کے پیش نظر روس میں پابندیوں کے اعلان کے ساتھ ساتھ غیر ضروری خدمات پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتین نے تمام غیر ضروری خدمات 7 اکتوبر تک معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ادھر کریملن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس دوران صدر ولادیمیر پوتین کسی سے ملاقات نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت روس میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جب کہ روس نے خود دنیا میں کورونا کے خلاف پہلی ویکسین اسپوتنک بنا لی ہے۔ روس میں حالیہ دنوں میں جس رفتار سے کورونا انفیکشن پھیل رہا ہے وہ اس وبا کے ابتدائی دنوں کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
روس میں اب تک 83 لاکھ 52 ہزار 601 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ وہاں 2 لاکھ 33 ہزار 898 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔