اسرائیل کو لگا بڑا دھچکا
صیہونیوں کیلئے 3 ہزار 144 گھر تعمیر کرنے کے حوالے سے اسرائیل کے منصوبے کو یورپی ممالک نے مسترد کردیا ہے۔
جرمنی سمیت 12 یورپی ممالک نے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کے توسیعی منصوبے کی مخالفت کر دی، مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے میں 3 ہزار 144 مکانوں کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد روک دے اور اسرائیل کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات بھی کرے۔
مشترکہ اعلامیہ بیلجیم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرزلینڈ، ناروے، پولینڈ، اسپین اور سویڈن نے جاری کیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ علاقوں کی سرزمین سے وابستہ ادارے نے غرب اردن میں صیہونیوں کیلئے 3 ہزار 144 گھر تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی۔
خود ساختہ صیہونی ریاست (اسرائیل) کے نئے وزیر اعظم نفتالی بنٹ کی حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد غرب اردن میں اتنے بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر کا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ اس سے قبل صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں آٹھ سو نئے رہائشی مکانات کی تعمیر کی منظوری دی تھی-
صیہونی حکومت کے اس فیصلے پر اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں اور ملکوں نے شدید تنقید کی ہے۔