لندن میں مظاہرہ، 8 پولیس اہلکار زخمی وزیراعظم کی تصویر نذر آتش
برطانیہ میں حکومت مخالف ملین ماسک مارچ کے دوران 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 12 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے لندن کے معروف اسکوائر ٹرافالگار پر اکٹھا ہو کر جانسن حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور ان کی تصویریں نذرآتش کیں۔
ملین ماسک نامی گروہ کے اراکین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر حکومت اور کورونا ایس او پیز کے خلاف نعرے درج تھے. پارلیمنٹ اسکوائر پر جمع مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھر اور آتشیں گولے پھینکے جس کے بعد تشدد پھوٹ پڑا۔ لندن پولیس نے اعلان کیا ہے کہ تشدد کے نتیجے میں آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے سرکاری بیان کے مطابق بارہ مظاہرین کو نظم و نسق میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ مظاہرے ایسے عالم میں ہوئے ہیں کہ وزیر اعظم جانسن کی جانب سے مالی بدعنوانی میں ملوث اپنے مشیر کی حمایت کی وجہ سے کنزرویٹیو پارٹی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے ۔
تازہ ترین سروے رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر جانسن کی پارٹی کی مقبولیت تین فیصد کم ہو کر صرف چھتیس فیصد رہ گئی ہے، جبکہ اصلی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کی مقبولیت میں پینتس فیصد اضافہ ہوا ہے۔