Nov ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  • یہ برفانی تودے نہیں، خطرناک جھاگ ہیں!۔ تصاویر

ہندوستان؛ دیوالی کے دھویں کے بعد اب بہتی ندی پر بننے والے خطرناک جھاگ سرخیوں میں آ گئے ہیں اور اس معاملے نے ماحولیات کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل تنظیموں اور کارکنوں کو سخت تشویش میں ڈال دیا ہے۔

گزشتہ دنوں ہندوستان میں روایتی تہوار دیوالی کے بعد ملکی سطح پر بالخصوص دارالحکومت میں خطرناک حد تک پھیلی ہوئی فضائی آلودگی عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور اب ہندوستان کے اسی دارالحکومت کے کنارے بہتے دریائے یمنا کی سطح پر بننے والے بظاہر دلربا مگر خطرناک جھاگ سرخیوں میں آ گئے ہیں۔

ایک طرف ماحولیاتی تبدیلیوں اور آلودگیوں کو لے کر جہاں عالمی تشویش میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے وہیں ماحولیاتی آلودگی کی خطرناک مثالیں ہندوستان سے منظر عام پر آ رہی ہیں۔

نئی دہلی کے کنارے بہنے والے دریائے یمنا میں پورے شہر کا سیوج جاکر گرتا ہے جس کے باعث صاف اور قدرتی پانی کی حامل ’ندی‘ یمنا، ایک ’نالے‘ میں تبدیل ہو کر رہ گئی ہے اور مختلف قسم کی صنعتی اور شہری آلودگی کی مقدار پانی میں بڑھ جانے کے باعث ان دنوں دریائے یمنا کی سطح پر برفانی تودوں کی شکل میں جھاگ بیٹھ گئے ہیں۔

دہلی پالیوشن کنٹرول کمیٹی (DPCC) کی رپورٹ کے مطابق شہر میں روزانہ 720 میلین گیلن سیوج نکلتا ہے جس میں سے 11 فیصد یعنی 206 میلین گیلن سیویج سیدھا دریائے یمنا میں جاکر گرتا ہے جبکہ باقی، 20 تصفیہ خانوں یا سیویج ٹریٹمینٹ پلانٹس (STP) سے گزرتا ہوا ندی میں جاتا ہے۔ 

 اسکے علاوہ گزشتہ ہفتے بھی ہندوستان میں ہندو قوم سے مخصوص دیوالی کا قدیمی اور روایتی تہوار بھی منایا گیا۔ اس تہوار کے موقع پر قدیمی رسم کے تحت لوگوں نے آتشبازی کا خوب جم کر استعمال کیا جس کے باعث گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پورے ہندوستان بالخصوص بڑے شہروں میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان جیسے گھنی آبادی والے ملک میں دیوالی کے موقع پر ملکی سطح پر ہونے والی آتش بازی سے جو شدید آلودگی پیدا ہوتی ہے وہ صرف ہندوستان ہی کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے جسے اگر حکومتِ ہند نے قابو میں نہ کیا تو اس کے مستقبل میں سخت اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

ساتھ ہی ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ ہندوستان میں اس حوالے سے فوری طور پر عوام میں بیداری لانے اور ان میں احساس ذمہ داری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی وسیع بنیادوں پر سخت اور مؤثر فیصلے کرنا ہوں گے کیوں کہ ایسا نہ کرنا ہندوستان میں عام تباہی کے مترادف ہوگا۔

ٹیگس