Nov ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۶ Asia/Tehran
  • امریکا، کرسمس پریڈ ماتم میں بدل گئی، 5 ہلاک، 40 زخمی

امریکا میں کرسمس پریڈ پر ہونے والے حملے میں 5 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکا میں ایک شخص نے کرسمس پریڈ کے دوران عوام پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

سالانہ چھٹی کے موقع پر لال رنگ کی گاڑی پریڈ کے بیچوں بیچ عوام کو روندتے ہوئے نکل گئی جس میں عینی شاہدین کے مطابق اسکول مارچنگ بینڈ کے شرکا کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔

ووکیشا پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فیس بک پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ پانچ افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے البتہ یہ اعدادوشمار بڑھ سکتے ہیں کیونکہ ہم مزید معلومات اکٹھا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک گاڑی کو حراست میں لیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ کے ایک ملازم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 بڑوں اور 12 بچوں کو علاقے کے چھ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے کے دوران ایک پولیس افسر نے ایس یو وی گاڑی کو روکنے کے لیے اس پر فائرنگ بھی کی تھی۔

وسکانسن کے گورنر ٹونی ایورز سمیت امریکی رہنماؤں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی تحقیقات کر کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس