اس بار امریکہ نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کر دیں، روس نے مذمت کی
امریکی وزیر خارجہ نے روس کے خلاف نئی پابندیاں نافذ کرنے کے اعلان کیا ہے۔
امریکہ نے جسے اپنے اہداف کے حصول کے لئے ملکوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا نشہ ہو چکا ہے، نورڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے سلسلے میں ایک روسی کمپنی پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلینکن نے اعلان کیا ہے کہ روسی کمپنی ٹرانساڈریا اور اس کے دو جہازوں پر نورڈ اسٹریم ٹو پروجیکٹ میں شامل ہونے کی بنا پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نورڈ اسٹریم ٹو گیس پائٹ لائن کا پروجیکٹ دو ہزار اٹھارہ میں تیار کیا گیا تھا۔ اس پائپ لائن کی لمبائی بارہ سو تیس کلومیٹر ہے اور اس سے روس سے جرمنی کے لئے پچپن ارب مکعب میٹر گیس سپلائی کی جائے گی۔
دوسری جانب روسی صدر کے ترجمان نے دیمیتری پسکوف نے منگل کوایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک نورڈ اسٹریم ٹوگیس پائپ لائن پروجیکٹ کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں کی مذمت کرتا ہے اور اسے واشنگٹن کی پابندیاں نافذ کرنے کی پالیسیوں کا تسلسل سمجھتا ہے۔
واشنگٹن میں روس کے سفیر آناتولی آنتونف نے بھی نئی امریکی پابندیوں پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قراردیا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلینکن نے نورڈ اسٹریم ٹو پروجیکٹ میں شمولیت کی بنا پر ایک روسی کمپنی اور اس کے دو بحری جہازوں پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ روس کی پروم گیس کمپنی نے دس ستمبر کواعلان کیا تھا کہ نورڈ اسٹریم ٹوپروجیکٹ پوری طرح مکمل ہوچکا ہے۔
امریکہ اب تک اس پروجیکٹ کے خلاف کئی پابندیاں عائد کر چکا ہے اور اس وقت امریکی کانگریس کے کئی ممبران، نورڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے خلاف پابندیاں نافذ کرنے کے لئے نیا قانون بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔