Nov ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • نئے کورونا وائرس اومیکرون سے ہلچل

وائرس کے نئے قسم کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر مختلف ممالک نے افریقی ملکوں سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ سامنے آیا ہے جو دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے جب کہ سائنس دانوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا کی یہ نئی قسم B.1.1.529 ویکسین کے خلاف مزاحمت بھی کرسکتی ہے۔

سی این بی سی چینل کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقہ میں پائے گئے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کو ’اومیکرون‘ ( omicron) کا نام دے دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اسے جو اس سے قبل B.1.1.529 کے نام سے جانا جاتا تھا تشویش ناک قراردیا ہے۔

مختلف ممالک نے افریقی ملکوں سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کورونا کی نئی قسم ’’اومیکرون‘‘کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہونے کے بعد فرانس نے افریقی ملکوں کے لیے فضائی سروس 48 گھنٹوں کے لیے معطل کردی ہے۔

دبئی سے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یو اے ای نے افریقی ملکوں سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگادی ہے۔

بیان کے مطابق کورونا کی نئی قسم کے باعث جنوبی افریقہ، زمبابوے، موزمبیق اور نمیبیا سمیت دیگر ملکوں پر پابندی لگائی گئی، 29 نومبر سے افریقی ملکوں سے آنے والوں کو دبئی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹیگس