امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں ریکارڈ اضافہ
Dec ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
جمعے کی صبح ورلڈو میٹر نامی ویب سائٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد پانچ کروڑ ترپن لاکھ تین ہزار ایک سو سولہ تک پہنچ گئی ہے جس میں سے آٹھ لاکھ پندرہ ہزار دو سو سینتیس لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے امریکہ بدستور دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
کہا جارہا ہے کہ امریکہ کی بعض ریاستوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کی وجہ سے اسپتالوں میں عملے اور بستروں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں میں بیک وقت اور تیزی سے اضافے کے پیش نظر اسپتال میں کام کرنے والے عملے کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔