چین نے امریکہ اور نیٹو کو افغانستان کی صورتحال کا ذمہ دار قرار دے دیا
چین نے امریکہ اور نیٹو کو افغانستان کی موجودہ صورتحال کی ابتری کا اصل ذمہ دار قرار دے دیا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے بیجنگ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور نیٹو کو اپنے اقدامات پر غور اور افغانستان کے بیرونی اثاثے فوری طور پر اس کے حوالے کر دینا چاہئیں۔
لی جیان نے افغانستان کی امداد کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرارداد چھبیس پندرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین، افغانستان کے دوست ملک کی حیثیت سے انسانی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مختلف طریقوں سے افغانستان کی اقتصادی اور معاشی مشکلات دور کرنے کے لیے آمادہ ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے لیے انسانی امداد کی ترسیل میں شفاف اور تعمیری کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے امداد رسانی کا عمل شفاف اور بلا روک ٹوک انجام پانا چاہیے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ اگست کے بعد سے افغانستان میں گہری تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور تین کروڑ نوے لاکھ لوگوں کو انسانی بحران کا سامنا ہے۔