چین نے امریکہ کی 12 دفاعی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں
امریکی پابندیوں کے ردعمل میں چین نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بارہ امریکی دفاعی کمپنیوں پر پابندیاں عائد اور دیگر چھے کمپنیوں کو ناقابل اعتبار قرار دیا۔
سحرنیوز/دنیا: غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی محاذ آرائی میں شدت آگئی ہے اور چین نے امریکی پابندیوں کے جواب میں اٹھارہ امریکی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔ چینی وزارت تجارت کے مطابق یہ اقدام امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔ چینی وزارت تجارت نے اعلان کیا ہے کہ امریکی مصنوعات پر پچاس فیصد نیا ٹیرف، اور پہلے سے طے شدہ چونتیس فیصد اضافی چارجز جمعرات سے نافذ العمل ہوں گے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ نے چینی اقدامات کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے چوراسی فیصد جوابی محصولات عائد کر کے عالمی تجارتی نظام کی خلاف ورزی کی ہے۔ امریکہ اپنی پیداوار میں توازن لانا چاہتا ہے، جبکہ چین کو اپنی کھپت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور چين کے درمیان یہ کشیدگی آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس کے اثرات عالمی منڈیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔