کورونا کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار
نئے عیسوی سال کا بڑی دھوم دھام سے دنیا نے آغاز تو کیا مگر اس بار بھی اسکی خوشیوں پر کورونا کا سایہ رہا اور عالمی سطح پر بالخصوص امریکہ میں لوگوں کو عالمی وبا کے باعث بڑی دشواریوں اور سختیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکی ویب سائٹ ہیل نے اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ نئے سال دوہزار بائیس کے پہلے ہی دن، گزشتہ روز کورونا کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر میں چار ہزار دوسو بیاسی پروازیں منسوخ ہوئی جن میں سے اٹھارہ سو پروازیں ایسی تھیں جو صرف امریکہ میں منسوخ کی گئیں۔
اسکے علاوہ پانچ ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہوئیں جس کی وجہ امریکہ کے مختلف علاقوں میں آنے والے سرمائی طوفان کو قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ مسائل زیادہ تر امریکی ریاستوں میامے، فلوریڈا، نیویارک، ڈیلاس اور ٹگزاس میں پیش آئے۔ پروازوں کی منسوخی یا انکی تاخیر کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مسافروں کی بڑی تعداد ایئرپورٹوں پر گھنٹوں تک سرگرداں رہی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں بڑے پیمانے پر کورونا کی ٹیکہ کاری ہو جانے کے باوجود ایک بار پھر کورونا کے نئے کیسز اور اسکے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث امریکی عوام کے ساتھ ساتھ امریکی حکومت کو سخت تشویش لاحق ہے۔ اس وقت امریکہ کورونا متاثرین اور اسکے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔