Feb ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۶ Asia/Tehran
  • یوکرین کا بحران، لاکھوں افراد بے گھر، عوام کا درد، تصاویر کی زبانی+ تصاویر

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران یوکرین سے 50 ہزار سے زائد افراد ہمسائیہ ممالک کی طرف ہجرت کر چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔

 

 

اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین "یو این سی ایچ آر" کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد دو دن سے بھی کم وقت میں ہزاروں افراد یوکرین سے نکل چکے ہیں۔

 

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو ہی ایک لاکھ افراد ملک کے اندر بے گھر ہوگئے تھے اور جمعے کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہمسایہ ممالک کی طرف رخ کر رہی تھی۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فلیپو گرانڈی کا کہنا تھا کہ اکثر افراد پولینڈ اور مولڈووا گئے ہیں اور کئی افراد اپنی سرحدوں کی طرف جا رہے ہیں۔

 

یوکرین کے شہریوں کو پناہ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ممالک اور لوگوں کا تہ دل سے شکریہ جنہوں نے اپنی سرحدیں کھلی رکھیں اور مہاجرین کا استقبال کر رہے ہیں۔

 

مولڈووا کے صدر مائیا سینڈو کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوکرین سے آنے والے لوگوں کو مالڈووا کی سرحد بحفاظت عبور کرنے کی اجازت دینے پر ان کا شکرگزار ہوں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ یو این ایچ سی آر بین الاقوامی تعاون کے لیے فعال کرنے کی اپنی طرف سے بھرپور کوشش کرے گا کیونکہ آپ مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہے ہیں۔

ٹیگس