Mar ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۱:۵۶ Asia/Tehran
  • یوکرین کی ملٹری ایئر بیس پر روس کی بڑی کارروائی، 70 سے زائد فوجی ہلاک

روسی فوجیوں نے یوکرین کے شہر خیرسون پر بڑی کارروائی کی ہے۔

اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی فوج تیزی سے کی اف کی طرف بڑھ رہی ہے۔ روس کی جانب سے اب یوکرین کے دارالحکومت کی ایف کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے ایک بہت بڑا فوجی قافلہ بھیجا گیا ہے۔

روس کا 40 میل (64 کلومیٹر) طویل قافلہ کی ایف کی طرف بڑھ رہا ہے۔ روسی حملے کے بعد یوکرین کے لیے یہ سب سے طویل فوجی قافلہ بھیجا گیا ہے۔ اس سے پہلے روس کے بھیجے جانے والے قافلوں کا سائز 3 میل تک رہا تھا۔

منگل کو روس کے فوجی حملے میں 70 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک ہو گئے۔ روسی فوجیوں نے اوختیرکا میں واقع فوجی اڈے کو توپوں کے گولوں سے نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوجیوں نے یوکرین کے شہر خیرسون پر حملہ کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق خیرسون ہوائی اڈے کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

خیرسون کے شہری حکام نے برطانوی میڈیا کو بتایا ہے کہ شہر کو روسی فوجیوں نے گھیر لیا ہے۔ تاہم خیرسون حکام کا دعویٰ ہے کہ شہر ابھی بھی یوکرینی فوج کےکنٹرول میں ہے۔

واضح رہے کہ یوکرینی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ روس کی فوج نے دارالحکومت کی ایف پر دوبارہ حملے شروع کر دیئے ہیں۔

یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ کی ایف میں صورتِ حال اب بھی کشیدہ ہے۔

یوکرینی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس بیلا روس کی فضائی حدود بھی استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ادھر امریکہ نے اقوامِ متحدہ میں تعینات 12 روسی سفارت کاروں کو بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکہ نے دعوی کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ میں تعینات روسی سفارت کار جاسوسی میں ملوث ہیں۔

ادھر اقوامِ متحدہ میں روس کے مندوب کا کہنا ہے کہ دشمنی کا یہ عمل اقوامِ متحدہ کی میزبانی کے وعدے کے خلاف ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز کشیدگی کے خاتمے کے کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان 5 گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات میں جنگ بندی پر اتفاق نہ ہو سکا اور بیلا روس کی سرحد پر ہونے والے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کسی نتیجے کے بغیرختم ہو گئے۔

 

 

ٹیگس