Mar ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۳:۳۲ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدے کے تعلق سے مغربی فریق الزام لگانے کے بجائے اپنی غلطی مانے: روس

روس نے جوہری معاہدے جے سی پی او اے کے  تعلق سے مغربی ممالک سے اپنی غلطیوں کو ماننے اور ایران کےمطالبوں کو پورا کرنے کے لئے کہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ویانا مذاکرات کے مغربی فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس پر الزام لگانے کے بجائے، اپنی غلطیوں کو مانیں اور ایران کے جائز مطالبے پورے کریں۔

فارس نیوز کے مطابق، ویانا میں بین الاقوامی اداروں میں روس کے نمائندے نے ملک کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے حوالے سے ٹویٹ کیا کہ جامع ایٹمی معاہدہ (جے سی پی او اے) کے تعلق سے روس کے وعدوں میں شک پیدا کرنا ان لوگوں کا کھیل ہے جو اپنی غلطیوں کو قبول نہیں کر سکتے، ہمارا مشورہ ہے کہ ہمارے مغربی ساتھی معاہدے کے مسودے کے تعلق سے ایران کے جائز مطالبوں کو پورا کرنے پر اپنی توانائی کو مرکوز کریں۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللھیان نے ابھی حال میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفونی گفتگو میں کہا ہے کہ ایران نے مسائل کو حل کرنے کے لئے جدت عمل اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب معاہدے تک پہونچنا مغربی ملکوں کے سیاسی فیصلے اور ان کے حقیقت پسندانہ نقطہ نظر پر منحصر ہے۔  

ویانا مذاکرات میں ایرانی ٹیم کی پہل سے کافی پیشرفت ہوئي لیکن مغربی فریق بالخصوص بائیڈن کی حکومت اپنے سے پہلے والی امریکی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے ازالے میں ٹال مٹول کر رہی ہے جس کی وجہ سے اس معاہدے میں امریکہ کی واپسی میں سنجیدگی کو لے کر شکوک وشبہات پیدا ہو گئے ہیں جبکہ مذاکرات کا عمل بھی طولانی ہو گیا ہے۔

 

ٹیگس