Mar ۱۹, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۰ Asia/Tehran
  • فرانس کے جرائم کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، الجزائری صدر

الجزائر کے صدر نے کہا ہے کہ الجزائری عوام اپنے خلاف فرانسیسی سامراج کے مجرمانہ اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

اپنے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عبد المجید تبون کا کہنا تھا کہ فرانسیسی سامراج نے الجزائر کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔ انہوں نے الجزائر میں فرانس کے مجرمانہ اقدامات کی شفاف اور منصفانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

صدر عبد المجید تبون نے کچھ عرصہ قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ فرانس نے اٹھارہ سو تیس سے انیس سو باسٹھ کے عرصے کے دوران الجزائر میں ایسے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن کی تاریخ انسانی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

الجزائر پر یوں تو ایک سو بتیس سال تک فرانسیسی سامراج کا قبضہ رہا ہے تاہم انیس سو چون سے انیس سو باسٹھ تک  چلنے والی جنگ آزادی کے دوران فرانسیسی فوجیوں نے دس لاکھ سے زائد الجزائری شہریوں کو قتل کیا ہے۔

البتہ فرانسیسی حکومت کے جرائم صرف الجزائر تک محدود نہیں بلکہ اس نے بر اعظم افریقہ کے دوسرے ملکوں کی اقوام کے خلاف بھی انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کرائے جانے کی ضرورت ہے۔  

ٹیگس