Apr ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۲:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکہ گروہ-20 سے روس کو نکالنے پر بضد

امریکہ نے ایک بار پھر گروہ-20 سے روس کو نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلن نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اگر روس گروہ-20 کے اجلاس میں شریک ہوگا تو امریکہ اس کے اجلاس میں شامل نہیں ہوگا، کہا کہ جو بائیڈن اس گروہ سے روس کا اخراج چاہتے ہیں۔

یلن نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات امریکی ایوان نمائندگان میں مالیاتی خدمات کی کمیٹی کے سامنے تقریر میں کہا کہ انہوں نے گروہ-20 کے باقی وزرائے خزانہ کے لئے امریکہ کے موقف کو واضح کر دیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ مہینے برسلز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ روس کو گروہ-20 سے نکالا جائے، لیکن باقی اراکین میں انکی اس تجویز پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا تھا۔

گروہ-20 دنیا کی بیس بڑی اقتصادی طاقتوں پر مشتمل گروہ ہے اور دنیا کے کل اقتصاد کا 85 فی صد اس گروہ کے اختیار میں ہے جبکہ دنیا کی کل آبادی کا دو تہائی حصہ بھی اسی گروہ کے رکن ملکوں میں بسا ہے۔

گروہ-20 کے سربراہان مملکت کا آئندہ اجلاس نومبر میں انڈونیشیا میں منعقد ہوگا، لیکن اس سے پہلے وزراء کی سطح پر اس گروہ کے اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔

 

ٹیگس