منکی پاکس مہلک نہیں: برطانوی وزیر اعظم
برطانوی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ منکی پاکس کے مزید 36 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود یہ مہلک ثابت نہیں ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ منکی پاکس اب تک مہلک ثابت نہیں ہوا۔ برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ منکی پاکس وائرس کی منتقلی کا غور سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی منکی پاکس کو دیکھ رہی ہے۔
برطانیہ میں منکی پاکس کے 36 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد اس بیماری سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 57 ہو گئی ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ میں بھی ایک کیس سامنے آیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کو کنٹرول کرنا ممکن ہے، اس بات کا ثبوت نہیں کہ وائرس میں تبدیلی واقع ہوئی ہو۔ طبی ماہرین بھی کہتے ہیں منکی پاکس کی صورتحال کوویڈ جیسی نہیں ہے۔
اس سے قبل کئی یورپی ممالک منجملہ فرانس، جرمنی، بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ کے علاوہ امریکا اور کینیڈا میں بھی منکی پاکس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ سوئس حکام کا کہنا ہے کہ منکی پاکس سے متاثرہ شخص کو گھر پر آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
منکی پاکس انفیکشن کی علامات میں بخار، جسم کا درد اور دانوں کا نکلنا شامل ہے۔