منکی پاکس کا پھیلاؤ، عالمی ادارہ صحت کا ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان
براعظم افریقہ میں منکی پاکس کے حوالے سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی منکی پاکس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: افریقہ کے صحت عامہ کے اعلیٰ ادارے نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو سے پڑوسی ممالک میں منکی پاکس کے پھیلنے پر منگل کو براعظم کی سلامتی کے لیے صحت کی ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔وائرل انفیکشن قریبی رابطے سے پھیلتا ہے جس کی علامات میں فلو اور پیپ سے بھرے دانے شامل ہیں، یہ بیماری عموماً خطرناک نہیں ہوتی لیکن مہلک شکار اختیار کرنے پر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
عالمی سطح پر کسی بیماری کے خلاف عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اعلیٰ ترین تحقیق، فنڈنگ اور بین الاقوامی صحت عامہ کے اقدامات اور بیماری پر قابو پانے کے لیے تعاون میں تیزی آتی ہے۔
یہ وائرس کانگو سے پڑوسی ممالک برونڈی، کینیا، روانڈا اور یوگنڈا میں پھیل گیا ہے جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اس وبا کو روکنے اور جانیں بچانے کے لیے مربوط بین الاقوامی اقدامات ضروری ہیں۔