پاکستان: خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کا کیس سامنے آگیا
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں بھی منکی پاکس کا ایک کیس سامنے آگیا ہے
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع نے ڈی ایچ او مردان کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر میں ایک چونتیس سالہ شخص میں منکی پاکس کا ٹیسٹ مثبت نکلا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ شخص پانچ دن قبل سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔ مردان کے محکمہ صحت کے مطابق مریض کے پورے کنبے اور محلے کے دیگر لوگوں کی بھی اسکریننگ کر لی گئی ہے کسی اور شخص میں منکی پاکس کی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک منکی پاکس کے نو معاملات سامنے آچکے ہیں جن ميں چار پنجاب، تین خیبرپختونخوا اور بلوچستان اور سندھ میں منکی پاکس کے ایک ایک مریض کا پتہ چلا ہے۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے منکی پاکس وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات کے مطابق باہر سے آنے والے سبھی مسافروں اور پروازوں کے گراؤنڈ لینڈنگ عملے کے افراد کے لئے ماسک لگانا ضروری ہے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سبھی مسافروں کے ہاتھوں کو سیناٹائز اور ان کے سامانوں کو بھی ڈس انفیکٹ کیا جائے اور جن مسافروں ميں منکی پاکس کی علامات پائی جائيں انہیں فورا آئسولیٹ کردیا جائے۔