نائیجیریا کی چرچ میں بھگدڑ مچنے سے 31 ہلاک، متعدد زخمی
May ۲۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
نائیجیریا کے شہر پورٹ ہارکورٹ کی چرچ میں ایک تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ارنا نے رائیٹرز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ نائیجیریا کی سول ڈیفنس فورس کے ترجمان نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ یہ واقعہ مقامی پولو کلب میں ہوا جہاں قریب ہی واقع چرچ کی طرف سے خیراتی تحائف تقسیم کرنے کی تقریب جاری تھی۔
عطیات کی تقسیم کے دوران شرکا نے بدنظمی کا مظاہرہ کیا اور بھگدڑ مچ گئی۔
دوسری طرف پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تحائف تقسیم کرنے کا عمل شروع نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بےقابو ہجوم کلب کے دروازے توڑ کر داخل ہوا جس کی وجہ سے بھگدڑ مچی۔
پولیس ترجمان نے 31 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد 7 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔