روسی افواج یوکرین کے شہر سیورودونیسک میں داخل
یوکرین کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ روسی افواج صوبے لوہانسک میں کیف کے زیر کنٹرول سب سے بڑے شہر سیورودونیسک میں داخل ہو گئی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق لوہانسک کے گورنر جنرل سرہی ہائیڈی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ روسی افواج شہر سیورودونیسک کے مضافاتی علاقوں سے اس شہر کی طرف پیش قدمی کر رہی ہیں، کہا ہے کہ شہر سیورودونیسک میں پانی اور گیس کی سپلائی منقطع ہو گئی ہے۔
مشرقی یوکرین کی طرف روس کی مسلح افواج کی پیش قدمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ اس سے قبل یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی دونباس، خاص طور سے سیورودونیسک اور لیسیچانیسک کی صورت حال کو بہت دشوار قرار دیا تھا۔
یوکرینی صدر کے قریبی مشیر الیکسی آرسٹوویچ نے بھی اعتراف کیا تھا کہ لیمان شہر یوکرینی فوج کے ہاتھ سے نکل چکا ہے جبکہ روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ لیمان شہر کو مکمل طور پر یوکرین کے قوم پرستوں سے آزاد کرایا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ دونباس مشرقی یوکرین کا ایک اہم ترین اسٹریٹیجک علاقہ شمارہوتا ہے۔