یوکرین میں امریکی جنگی سازوسامان کی تباہی
روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ شہر اسلاویانسک میں سیرامیک کے کارخانے پر ہونے والے حملے میں سو سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہوئیٹزر امریکی ہتھیار اور جنگی ساز و سامان تباہ ہو گیا۔
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے اپنے جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے اسلاویانسک میں یوکرینی فوج کے عارضی توپ خانے اور سیرامیک کے کارخانے پر حملہ کیا۔
ایگور کوناشنکوف نے کہا کہ اس حملے میں سو سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہوئیٹزر امریکی ہتھیار اور جنگی ساز و سامان تباہ ہو گیا۔
تباہ ہونے والے امریکی جنگی سازوسامان میں ایک ہزار سے زائد ایم سات سو ستتر ہوئیٹزر توپ کے گولے اور ایم ایل آر ایس گریڈ قسم کے تقریبا سات سو راکٹ شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکا اور نیٹو کے اشتعال انگیز اقدامات میں شدت آنے کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتین نے گزشتہ اکیس فروری کو دونباس کے علاقے میں دونیسک اور لوہانسک کی خود مختاری کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
روس نے اس کے تین دن بعد یعنی چوبیس فروری کو یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کیا ۔ یہ جنگ اب پانچویں مہینے میں چل رہی ہے۔