روس کا یوکرین میں میزائل بنانےکے ایک کارخانے پر حملہ
روسی افواج نے یوکرین کے ایک بیلسٹک میزائلوں کے کارخانے کو تباہ کردیا ہے۔ اسی کے ساتھ یوکرین نے اعلان کیا ہے کہ روس ایک نئے حملے کی تیاری کررہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق روسی وزارت دفاع نے یوکرین میں میزائل بنانےکے ایک کارخانے پر کامیاب حملے کی خبر دی ہے۔
روسی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ روسی افواج نے یوکرین کے شہر دینپرو میں توچکایو بیلسٹک میزائل کے فاضل پرزہ جارت تیار کرنے والے کارخانے کو پوری طرح تباہ کردیا ہے۔
روسی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ روسی فوجیوں نے اسی طرح یوکرین کے تین فوجی طیاروں اور دو ہیلی کاپٹروں کو بھی مار گرایا ہے۔ ایک اور خبر میں بتایا گیا ہے کہ روسی وزیر دفاع سرگئی شویگو نے یوکرین کے اندر موجود روسی فوجیوں کے مورچوں کا اچانک معائنہ کیا ، انھوں نے اس موقع پر کہا کہ یوکرین کے توپخانوں اور میزائلی حملوں کو روکنے کے لئے روسی فوجیوں کو مشرقی یوکرین میں اپنی کارروائیاں بڑھانی ہوں گی۔
دوسری طرف یوکرین نے کہا ہے کہ روس ایک نئے حملے کی تیاری کررہا ہے ۔
ارنا کے مطابق یوکرینی فوج کے ترجمان وادیم اسکیتسکی نے کہا ہے کہ روس کی طرف سے نہ صرف یہ کہ ہوائی اور میزائلی حملے کئے جارہے ہیں بلکہ سبھی محاذوں پر گولہ باری کا سلسلہ بھی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ روسی فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کے حملوں کا بھی مشاہدہ کیا جارہا ہے۔
یوکرینی فوج نے اعلان کیا ہے کہ روس اپنے فوجی یونٹوں کی نئی دستہ بندی اور اسلو یانسک کی طرف حملے کی تیاری کررہا ہے۔
اسلویانسک دونیسک کا ایک اہم شہر شمار ہوتا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ روسی وزیر دفاع سرگئی شویگو نے روسی افواج کو حکم دیا ہےکہ مشرقی سیکٹروں اور روس کے زیر کنٹرول دیگر علاقوں پر یوکرینی فوج کے حملوں کو روکنے کے لئے کارروائیاں بڑھا دی جائیں۔