امریکی گن کلچر، اسکول کے کارکن اور ٹیچرز بھی ہوں گے مسلح
امریکہ کے نیشنل کانفرنس آف اسٹیٹ لیجسلیچرز کے اعلان کے مطابق، انتیس ریاستوں میں مسلح افواج کے علاوہ بعض دیگر افراد کو اسکولوں میں ہتھیار لے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس ادارے کے اعلان کے مطابق، سن دو ہزار اٹھارہ تک ڈھائی فیصد سے زیادہ سرکاری اسکولوں کے کارکنوں کو مسلح کردیا گیا تھا۔ فلوریڈا کے ریاستی حکام نے بتایا ہے کہ ایک ہزار تین سو افراد اس ریاست کے اسکولوں میں مسلح گارڈ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا تھا جب سن دو ہزار اٹھارہ میں ایک مسلح شخص نے فلوریڈا کے شہر پارکلینڈ میں ایک اسکول میں گھس کر سترہ طلبا اور کارکنوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
ادھر امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں، کم از کم 402 علاقوں کے ایک تہائی اسکولوں کے کارکنوں کو ہتھیار استعمال کرنے کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل ٹیکساس کے یووالڈ شہر میں ایک شخص نے ایک پرائمری اسکول میں انیس طلبا اور دو ٹیچروں کو گولیوں سے بھون ڈالا تھا۔ سن دو ہزار اکیس میں ایک سو بیس بچے امریکہ میں گن کلچر کے بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔