Aug ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • قطب شمال میں دوسرے علاقوں کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ تیزی سے گرمی بڑھ رہی ہے

سائنسدانوں کی تازہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ چالیس سال کے دوران، قطب شمال میں گرمی بڑھنے کی رفتار کرہ ارض کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں چار گنا زیادہ رہی ہے۔

سائنسی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں جاری شدہ رپورٹ کے مطابق، قطب شمال کے درجۂ حرارت میں اضافہ، برسوں سے نظر انداز کیا جا رہا تھا۔

اس رپورٹ کے مطابق، ناروے اور فن لینڈ کے سائنسدانوں نے سن انیس سو اناسی سے لیکر اب تک کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ہر دس سال پر قطب شمال کے درجہ حرارت میں صفر اعشاریہ سات پانچ ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ معلومات سیٹلائٹوں سے لئے گئے ڈیٹا سے حاصل ہوئی ہے۔

ان اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے کہ قطب شمال میں درجۂ حرارت میں اضافہ دنیا کے دوسرے علاقوں کے مقابلے میں چار گنا زیادہ رہا ہے۔

واضح رہے کہ صنعتی انقلاب کے دور کے مقابلے میں دنیا کا اوسط درجۂ حرارت، ایک اعشاریہ دو ڈگری سینٹی گریڈ بڑھا ہے جسے گرین ہاؤس گیسوں کے پھیلنے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بڑھتی گرمی گلیشیئروں اور برف کے قدرتی ذخیروں کو پگھلا رہی ہے جس کے نتیجے میں کھلے سمندروں کی سطح تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔

ٹیگس