دھماکوں اور حملوں سے تھائی لینڈ لرز اٹھا
تھائی لینڈ کے مختلف مقامات پر دھماکوں اور آتشزدگی کی خبر ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: جنوبی تھائی لینڈ میں کم از کم 17 مقامات پر بم دھماکے اور آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فوجی اور پولیس حکام نے بتایا کہ بم دھماکے اور آگ لگائے جانے کے واقعات منگل کی رات کے آخری پہر اور بدھ کی صبح سے شروع ہوئے۔
فوجی ترجمان نے بتایا کہ اس طرح کے کم از کم 17 حملے جنوبی صوبوں پٹنی، ناراتھیوات اور یالا میں ہوئے، حملوں میں زیادہ تر چھوٹی دکانوں اور گیس اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم 3 شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
جنوبی صوبوں میں رہائش پذیر مسلمان تھائی باشندے طویل عرصے سے الزام لگاتے رہے ہیں کہ ان کے ساتھ بدھ مت کی اکثریت والے ملک میں دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے، تھائی حکومت کے کریک ڈاؤن نے بھی جنوبی صوبوں کے مسلمانوں میں عدم اطمینان اور بے چینی کو ہوا دی ہے۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آور موٹرسائیکلوں پر سوار تھے جبکہ انہوں نے بہت سے حملوں میں اپنے اہداف پر پیٹرول بم پھینکے۔