انسانی حقوق کے معاملے میں امریکہ اپنے گریباں میں جھانکے: شمالی کوریا
شمالی کوریا نے انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنی دشمنانہ پالیسی کے پیش نظر اس مسئلے کو اٹھا رہا ہے۔
شمالی کوریا ایسوسی ایشن فار ہیومن رائٹس اسٹڈیز کے ایک محقق ری جین نے امریکی تبصرے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن انسانی حقوق کی آڑ میں اپنی دشمنانہ پالیسیوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ کے اس اقدام کو فتنہ انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھا کر شمالی کوریا کے اقتدار اعلی پر سوالیہ نشان اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے امریکہ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والا سب سے بڑا ملک قرار دیا اور کہا کہ واشنگٹن نے اپنی غیرملکی مداخلتوں کے دوران انسانی حقوق کو روندا ہے۔
اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے جولائی کے مہینے میں شمالی کوریا پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا
امریکہ ایسی حالت میں دوسرے ممالک پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہا ہے کہ گذشتہ دنوں چین کی انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے مغربی ایشیا میں امریکہ کے بہیمانہ جرائم کے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے واشنگٹن کے دوہرے معیار کا پردہ فاش کیا تھا۔