Sep ۰۷, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • ایم کے او دہشت گردوں کے میزبان البانیا کا ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا اعلان

انقلاب دشمن منافقین کے دہشت گرد گروہ ایم کے او کی میزبان البانیا کی حکومت نے ایران کے ساتھ اپنےسفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

البانیا کے وزیراعظم ادی راما نے بدھ کے روز دعوی کیا ہے کہ ایران نے ان کے ملک کے خلاف سائبر حملے کئے ہیں۔ انہوں نے اس بے بنیاد دعوے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات ختم کردینے کا اعلان کردیا اور ایرانی سفارتکاروں سے البانیا سے نکل جانے کو کہہ دیا ہے۔ 
واضح رہے کہ البانیا امریکہ کے حکم پر کئی برس سے ایم کے او کے دہشت گردوں کا میزبان ہے۔ ایم کے او دہشت گرد تنظیم ایران کے اسلامی انقلاب کے بعد ایران کے صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس سمیت سیکڑوں عہدے داروں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہی ہے۔

ایم کے او دہشت گردوں نے ایران میں کم از کم سترہ ہزار شہریوں کو شہید کیا ہے اور ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران بھی صدام کی بعثی حکومت کا ساتھ دیا تھا۔

عراق پر امریکی قبضے کے بعد اس گروہ کے سرغنوں اور دہشت گردوں کو امریکہ کی نگرانی میں البانیا میں واقع ایک کیمپ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مدتوں قبل اپنا سفیر البانیا سے واپس بلا لیا تھا اور سفارتخانہ ناظم الامور کی سطح پر سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔ 

ٹیگس