Sep ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • روس کے خلاف آئی اے ای اے کی قرار داد

آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں ماسکو سے زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر سے قبضہ ختم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

رائٹرز خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے پیش کی جانے والی اس قرار داد کو اپنی نوعیت کی دوسری قرارداد قرار دیا جا رہا ہے ۔ پہلی قرارداد زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر پر روسی افواج کے قبضے سے پہلے جاری ہوئی تھی۔

بتایا جا رہا ہے کہ دونوں قراردادیں یوکرین کی نمائندگی میں کینیڈا اور پولینڈ نے بورڈ آف گورنرز میں پیش کی تھیں ۔ اس قرارداد میں روس سے کہا گیا ہے کہ زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر سے قبضہ اور دیگر ایٹمی مرکز کے خلاف کارروائی ختم کرے۔ اس قرارداد کی حمایت میں چھبیس ووٹ  ڈالے گئے جبکہ دو ممالک نے اس کی مخالفت کی اور سات ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اس قرارداد کا مکمل متن ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی ویب سائٹ پر درج کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ روس اور یوکرین، زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر پر گولہ باری کی ذمہ داری ایک دوسرے کے سر ڈال رہے ہیں ۔

دوسری جانب آئی اے ای اے میں روسی نمائندے نے اس متن کو روس مخالف قرار دیتے ہوئے یوکرین کو اس گولہ باری کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ہر طرح سے کیف کی حمایت  کر رہے ہیں۔ مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ روس یوکرین کی شہری تنصیبات کو ایک فوجی ٹارگیٹ سمجھتا ہے اور کیف کو اپنے قدرتی ذخائر سے محروم کرنا چاہتا ہے۔

مغربی  حکومتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ روس یوکرین کے بجلی گھروں کو ایک فوجی اڈے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

ادھر سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے اپیل کی ہے کہ روس میں انسانی حقوق کی ان کے بقول پامالی پر کڑی نظر رکھے۔ ان ذرائع نے بتایا ہے کہ  روس میں انسانی حقوق کے خصوصی رپورٹر تعینات کرنے کے لئے ایک قرارداد کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ مسودہ سات اکتوبر کو ہونے والی اقوام متحدہ کی اکیاونویں نشست میں پیش کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہنگری نے اس مسودے کی مخالفت کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک یوکرین کو ہتھیار فراہم کرکے روس اور یوکرین کی جنگ کے طویل ہونے کا باعث بن رہے ہیں۔

ٹیگس