بعض بلوائیوں کی تصویر نشر کرنے کا لندن پولیس کا اقدام
لندن کی پولیس نے کچھ ایسے بلوائیوں کی تصاویر نشر کی ہیں جنھوں نے بلوے کر کے شہرمیں بد امنی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق لندن پولیس نے ایک بیان جاری کر کے تیرہ بلوائیوں کی تصاویر نشر کرنے کا اعلان کیا ہے جنھوں نے لندن میں ایران کے سفارت خانے اور لندن کے اسلامی مرکز کے سامنے جمع ہوکر ہنگامے کئے اور امن و امان کی صورت حال بگاڑنے کی کوشش کی۔
اس سے قبل لندن کی پولیس نے اعلان کیا تھا کہ بلوائیوں کی شناخت اور ان کا پتہ لگانے کے لئے ہر طرح کا اقدام عمل میں لایا جائے گا۔
لندن پولیس کے سینیئر افسر کیرن فائنڈ لے نے برطانوی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لندن پولیس کو بلوائیوں کا پتہ ہونے کی صورت میں باخبـر کرے۔
واضح رہے کہ لندن میں بلوائیوں نے ایران کے سفارت خانے کے سامنے اجتماع کرکے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جہاں پولیس سے ان کی جھڑپ بھی ہوئی اس کے بعد اسلامی مرکز کے سامنے ہنگامہ کیا اور بدامنی و تشدد کے اقدامات کئے جس پر انھیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔