جنوبی کوریا، خوشیاں سوگ میں بدل گئیں، 146 افراد ہلاک
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئول میں ہیلووین تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 146 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: اطلاعات کے مطابق دارالحکومت سئول میں ہفتے کی رات کو لوگ ہیلووین تہوار منا رہے تھے کہ ایک تنگ گلی میں بھگدڑ مچ گئی، جس میں کم از کم 146 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے میں 150 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
جنوبی کوریا کی نیشنل فائر ایجنسی کے اعلیٰ عہدیدار چوئی چیؤن سک نے بتایا کہ ہیلووین تقریب کے دوران لوگ ایک ہوٹل کی طرف جا رہے تھے کہ بھیڑ ایک تنگ گلی میں گھس گئی اور اسی دوران بھگدڑ مچنے سے یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 50 افراد کو دل کا دورہ پڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ نیشنل فائر ایجنسی کے مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ 400 سے زیادہ ایمرجنسی کارکنان اور 140 گاڑیاں زخمیوں کے علاج کے لئے سڑکوں پر ہی موجود ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، جنوبی کوریا کے صدر نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ زخمیوں کے فوری علاج کو یقینی بنائیں اور تہوار کے مقامات کی حفاظت کا جائزہ لیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہیلووین کی تقریب پہلے سے کہیں زیادہ بڑی تھی کیونکہ کورونا وبا کی وجہ سے یہ 2 سال کے بعد منعقد کی گئی تھی۔