سوڈان میں متحدہ عرب امارات کے خلاف مظاہرہ (ویڈیو)
سوڈان میں فوجی حکومت کے خلاف عوامی اعتراضات کے درمیان سیکڑوں مظاہرین نے دارالحکومت خرطوم میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے سامنے اکٹھا ہو کر ملک کے اندرونی معاملات میں اسکی مداخلت پر شدید احتجاج کیا۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز سوڈانی مظاہرین نے متحدہ عرب امارات کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ انکے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے پرہیز کریں۔ مظاہرین نے اسکے ساتھ ہی غیر ملکی سفارتکاروں سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی بحران کے حل کے لئے جاری عوامی جد وجہد کے درمیان مداخلت پسندانہ اقدامات سے گریز کریں اور سفارتی آداب کے پابند رہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بعض دیگر ممالک کی اندرونی معاملات میں مداخلت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ سول حکومت کا تختہ الٹ کر برسر اقتدار آنے والی فوجی حکومت بھی کمزور اور ناتواں ہیں۔
مظاہرے میں شریک عبد اللہ یعقوب نے ایران پریس کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ وہ سوڈانی عوام کو نقصان نہ پہنچائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے سوڈانی عوام کو نقصان پہنچایا ہے اور وہ صرف اپنے مفادات کی فکر میں ہے۔