Nov ۰۹, ۲۰۲۲ ۲۲:۵۳ Asia/Tehran
  • میٹا نے 13 فیصد ملازمین کم کرنے کا فیصلہ کر لیا

مشہور سوشل ورکنگ کمپنی میٹا نے 11 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: میٹا پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ کمپنی کے 11 ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کیا جائے گا جو کہ رواں سال کمپنی سے نکالے جانے والے ملازمین کی سب سے بڑی تعداد ہوگی۔ 

فیس بک کمپنی کو کمزور اشتہاری مارکیٹ میں رہتے ہوئے میٹاورس ٹیکنالوجی پر زور دینے کی وجہ سے بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق میٹا کمپنی کی 18 سالہ تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر برطرفیاں ٹوئٹر اور مائیکرو سافٹ سمیت اہم کمپنیوں سے ملازمین کی برطرفیوں کا ایک تسلسل ہے جہاں ہزاروں افراد کو ان کی ملازمت سے نکال دیا گیا ہے۔

میٹا کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر مارک زکربرگ نے ملازمین کے نام ایک پیغام میں کہا کہ نہ صرف آن لائن تجارت پہلے کے رجحانات پر واپس آ گئی ہے بلکہ معاشی بدحالی، مسابقت میں اضافہ اور اشتہارات کے نقصان نے ہماری آمدنی توقع سے زیادہ کم کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق میٹا کمپنی صوابدیدی اخراجات کو کم کرنے اور پہلی سہ ماہی تک اپنی بھرتیوں کے عمل کو روکنے کی مدت کو بڑھانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے لیکن کمپنی نے متاثرہ علاقوں یا اقدام سے متوقع لاگت کی بچت کی وضاحت نہیں کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میٹا کمپنی کو توقع ہے کہ 2023 میں اخراجات کا ہدف زیادہ سے زیادہ ایک سو ارب ڈالر تک ہوگا جبکہ گزشتہ برس اخراجات ایک سو ارب ڈالر سے بھی زائد تھے۔ 

واضح رہے کہ ستمبر کے آخر تک میٹا کمپنی میں 87 ہزار 314 ملازمین تھے۔

ٹیگس