امریکہ میں ایئرشو کے دوران دو فوجی طیارے ٹکرا گئے، 6 ہلاک (ویڈیو)
Nov ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۶ Asia/Tehran
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں ایئرشو کے دوران دوسری عالمی جنگ کے دو فوجی طیارے آپس میں ٹکرانے سے تباہ ہوگئے۔
سحر نیوز/دنیا: غیر ملکی ذرائع کے مطابق دوسری عالمی جنگ کے دو فوجی طیارے بوئنگ بی-17 اور بیل پی-63 کنگ کوبرا اڑان کے دوران آپس میں ٹکرا گئے۔ واقعے میں پائلٹس سمیت چھے افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ طیاروں کے ٹکرانے کی وجہ سے فضا میں آگ کے شعلے بلند ہوئے اور دھویں کے کالے بادل چھا گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تاریخی طیاروں کے آپس میں ٹکرانے کی متعدد ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ہر چند کہ ابھی تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی تاہم ایبیسی نیوز کا کہنا ہے کہ حادثے میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔
طیارے آپس میں کیونکر ٹکرائے، اسکی وجہ ابھی سامنے نہیں آ پائی ہے۔