امریکہ میں ایموکسی سلین کی قلت
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کہا ہے کہ اینٹی بائیوٹک کے حد سے زیادہ استعمال کی وجہ سے ملک میں ایموکسی سلین پروڈکٹ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
ہمارے نمائند کے مطابق ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ امریکہ کے نظام صحت کو ایموکسی سلین پرمشتمل کم سے کم بیس قسم کی دواؤں کی قلت کا سامنا ہے۔ ایف ڈی اے نے، اینٹی بائیوٹیک کے بیش از حد استعمال کو ایموکسی سلین جیسی دواؤں کی قلت کی اصل وجہ قرار دیا ہے۔
ایموکسی سلین موسم سرما میں پیدا ہونے والی وائرل بیماریوں کے علاج میں تجویز کی جاتی ہے۔ امریکن سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارماسسٹ کا کہنا ہے کہ ایموکسی سلین کی مختلف پروڈکٹ تیار کرنے والی تین بڑی کمپنیوں نے بھی رسد اور طلب کے درمیان عدم توازن کی تصدیق کی ہے۔
ادھر ایموکسی سلین تیار کرنے والی سب سے بڑی برطانوی کمپنی ہیکمین نے کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنی پیداوار میں اضافے کی کوشش کررہی ہے۔