قطر کی ٹیم کے کوچ کا بیان
ورلڈ کپ کے میزبان قطر کی فٹبال ٹیم کے ہسپانوی کوچ نے اکواڈور کے مقابلے میں اپنی ٹیم کی غیر متوقع شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس کوئی عذر اور بہانہ نہیں ہے۔
قطر کی ٹیم کو ورلڈکپ میں پہنچانے والے فلیکس سانچز کا کہنا تھا کہ بغیر کسی بہانہ تراشی کے اکواڈور کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور یہ کہ وہ کامیابی کے لائق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کو ابھی بہت زیادہ پیشرفت کی ضرورت ہوگی۔ فلیکس سانچز نے کہا کہ ہماری دفاعی لائن ناکام رہی اور ٹیم ورک میں توازن نہیں تھا جسکا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا۔
ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کی فاتح، اکواڈور کے کوچ گوستاوو الفارو نے قطر کے مقابلے میں اپنی ٹیم کی برتری کو اہم قرار دیا تاہم کہا کہ یہ وہ کھیل نہیں جو ہم پیش کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو کام شروع ہوا ہے اور ہمیں اگلے مقابلوں میں اپنی توانائیوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے دکھانا ہے۔
گوستاوو الفارو نے پہلے گول کو کالعدم قرار دیئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ہماری ٹیم کے حوصلے پست ہوسکتے تھے لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور ہم اس فتح کے لائق بھی تھے۔