فیفا ورلڈ کپ میں بیلجیئم کی شکست کے بعد ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے (ویڈیو)
اپ سیٹ سے بھرپور فیفا ورلڈ کپ میں یورپی شائقین کو ایک اور بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے کو ملا جب اتوار کو مراکش نے بیلجیئم کو 0-2 سے شکست دے دی۔
سحر نیوز/دنیا: ارنا خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس شکست کے بعد بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور لوگوں نے مختلف مقامات پر احتجاج کیا اور اس دوران قیمتی املاک کو خوب نقصان بھی پہنچایا۔ پولیس نے ہنگاموں، تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان وین دے کیر کے مطابق احتجاج کرنے والوں نے پیٹرو کیمیکل اجزا، لاٹھیوں سمیت متعدد اشیا کا استعمال کیا اور املاک کو نذر آتش کیا جبکہ اس دوران آگ لگنے کے واقعات میں ایک صحافی بھی زخمی ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام واقعات کے بعد پولیس نے مداخلت کا فیصلہ کیا جس کے تحت مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپوں اور آنسو گیس کے شیل کا استعمال کیا گیا۔
مظاہرین کی جانب سے نذر آتش کی گئی اشیاء کے پس منظر میں مراکش کے شائقین کو فتح کا جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو فیفا ورلڈ کپ میں کھیلے گئے گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے 24 سال بعد ورلڈکپ میں پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مضبوط بیلجیم کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔