ارجنٹائن اور آسٹریلیا کے کوچ کی فیفا پر کڑی نکتہ چینی
ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیم کے کوچ نے فیفا کی منصوبہ بندی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیموں کو آرام کے لیے زیادہ وقت درکار تھا۔
سحر نیوز/ دنیا: آسٹریلیا کی ٹیم کے کوچ گراہم آرنلڈ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمیں ارجنٹائن کے خلاف میچ کے لیے صرف دو روز کا وقت ملا ہے جو کافی نہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیکنیکل کاموں کا بھی وقت بالکل نہیں ہے اور ہمیں صرف کھلاڑیوں کے کھیل پر پی بھروسہ کرنا پڑے گا۔
آسٹریلیا کے کوچ کا کہنا تھا کہ البتہ ہماری حریف ٹیم کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ دونوں ٹیمیں پوری آمادگی کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
دوسری جانب ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی نے بھی اسی طرح کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی منصوبہ بندی سمجھ سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف دو روز میں دوسرے میچ کی تیاری کرنا ہمیں پاگل کیے دے رہا ہے۔
اسکالونی نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت تھکی ہوئی ہے اور اسے آرام کا مناسب وقت ملنا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج پری کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف صف آرائی کریں گی۔